وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 2 نادرا میگا سینٹرز کا افتتاح کر دیا

جمعہ 28 اپریل 2017 20:38

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 2 نادرا میگا سینٹرز کا افتتاح کر دیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس میں نادرا کے دو میگا سینٹرز کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں آج نادرا کے دو میگا سینٹرز کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ تیسرا میگا سینٹر سائیٹ کے علاقے میں مئی کے آخر میں کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تین لاکھ شناختی کارڈ بلاک کئے گئے تھے جن میں سے 1 لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈز کو مستقل طور پر بلاک کر دئیے ہیں، ایک لاکھ پچاس ہزار شناختی کارڈز کے کوائف چیک کئے جا رہے ہیں، باقی رہ جانے والے شناختی کارڈز کو مرحلے وار ان بلاک کیا جائے گا، کراچی میں پانچ لاکھ شناختی کارڈز بلاک کئے جانے کی بات سراسر غلط ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا کہ یہاں مثالی صفائی ستھرائی ہوتی تھی مگر اب یہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔ انہوں نے نادرا عملے کو ہدایت کی کہ نادرا سینٹرآنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ایسا نظام بنائیں کہ عوام کو نادرا مراکز میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ چوہدری نثار علی نے کہا کہ تمام میگا سینٹرز میں شکایتی ڈیسک بنائے جائیں، جو بھی عوام سے بدسلوکی کرے اسے ادارے سے نکال دیں، میگا سینٹر میں روزانہ تین ہزار درخواستیں نمٹانے کی صلاحیت ہوگی، نادرا سینٹر ز میں اہلکاروں کی کارکاردگی کی بنیاد پر انعام اور سزا کا نظام لانے کی ہدایت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا سینٹرز میں عوامی شکایات کا واضح نظام لانے کی ہدایت کر دی ہے، عوامی تعریف پانے والے اہلکاروں کو انعام اور شکایات ملنے والے کو نکالنے کی تجویز دی ہے، نادرا کے 600 سے زائد اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے۔