پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات خطہ کے لئے انتہائی مفید ثابت ہورہے ہیں، گورنر سندھ

برطانیہ کا صوبہ میں صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تعاون قابل تحسین ہے ، محمد زبیر صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے،برطانوی سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کریں ، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 28 اپریل 2017 20:09

پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات خطہ کے لئے انتہائی مفید ثابت ہورہے ہیں، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات خطہ کے لئے انتہائی مفید ثابت ہورہے ہیں اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ یہ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ، برطانیہ کا صوبہ میں صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تعاون قابل تحسین ہے ،مختلف شعبوں میں برطانوی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے،برطانوی سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کریں جبکہ دیگر شعبوں توانائی ، زراعت ، صحت ، تعلیم اور انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سمیت دیگر میں سرمایہ کاری میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، برطانوی سرمایہ کاروں کی کراچی کے مختلف شعبوں میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو Thomas Drew سے ملاقا ت میں کیا ۔ اس موقع پر کراچی میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر بلینڈا لوئس Belinda Lewis اور پرنسپل سیکریٹری محمد صالح احمد فاروقی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک برطانیہ اقتصادی تعاون ،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے ، دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت میں مزید اضافہ کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو پر امن بنانے کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادار کیا ہے جس سے نا قابل تلافی نقصان بھی اٹھانا پڑا اب وقت آگیا ہے کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں تعاون کرے اس ضمن میں برطانیہ کا کردار اہم ثابت ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعدا د برطانیہ میں مقیم ہے اور وہ وہاں کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جس سے دوطرفہ تعلقات عوامی سطح پر بھی قائم ہو چکے ہیں لیکن انھیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے بہت اہم ہے اور ہمیشہ رہے گا برطانیہ پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، برطانیہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا میرے پاکستان سے تعلقات ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ پر محیط ہیں ، دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام میری اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی ہمارے فیملی کے دیگر ممبران کی طرح ہی ہیں ، بلاشبہ پاکستانی بے پناہ استعدا د کے مالک ہیں ، برطانوی سرمایہ کارپاکستان میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ دیگر سرمایہ کار بھی کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔