صوبہ میں قیام امن سے سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے،گورنر سندھ

معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے باعث سماجی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں جو کہ روشن مستقبل کی نوید ہے،محمد زبیر

جمعہ 28 اپریل 2017 20:00

صوبہ میں قیام امن سے سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں قیام امن سے سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے ، معاشی سرگرمیوں با الخصوص نجی سیکٹر کے مزید فعال ہونے سے روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہو رہے ہیں ، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے باعث سماجی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں جو کہ روشن مستقبل کی نوید ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی اور صنعتوں کے فعال ہونے سے خطہ میں غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اس ضمن میں جاپان کے سرمایہ کاروں کی صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں جاپان کی مٹسوبشی Mitsubishi کارپوریشن کے وفد جس کی قیادت کارپوریشن کے سینئر ایگزیکٹیو نائب صدر (SEVP) ایچی تنابی Eiichi Tanabi کر رہے تھی ، سے ملاقات میں کیا ۔

اس موقع پر مٹسوبشی کا رپوریشن کے پاکستان میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر Kimihid Ando بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون ،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے، بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے کراچی بے پناہ استعداد کا حامل شہر ہے جہاں کا پر کشش ماحول ، تعلیم یافتہ ،کم لاگت ، تجربہ کار اور ہر وقت دستیاب افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لئے منفرد اہمیت کی حامل ہیں اس شہر کی خاص بات سرمایہ کاری کے فوری فوائد بھی شامل ہے ،جاپان کے سرمایہ کار امن و امان کی بہتری اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٴْٹھائیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگرہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دورنوں ممالک کے مابین باہمی تجارت میں مزید اضافہ کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت ہے،مٹسوبشی اپنے معیار اور کارکردگی کے باعث پاکستان میں جانا پہچانا نام ہے۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ صوبہ میں مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کریں گے، و اضح رہے کہ مٹسوبشی کارپوریشن دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ اتنا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :