بہتر ہو گا نواز شریف عزت و وقار کی بجائے اقتدار بچانے کو ترجیح نہ دیں‘عبدالعلیم خان

ایک وزیر نے سچ بول کر استعفیٰ دے دیا ، کرپشن سے لتھڑی حکومت اپنے ہی بوجھ سے گر جائے گی‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

جمعہ 28 اپریل 2017 19:14

بہتر ہو گا نواز شریف عزت و وقار کی بجائے اقتدار بچانے کو ترجیح نہ دیں‘عبدالعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار سمیت ملک کی سول سوسائٹی وزیر اعظم کے استعفے پر متفق ہے اور آہستہ آہستہ مہلت کم اور گھیرا تنگ ہو رہا ہے بہتر ہو گا کہ نواز شریف عزت و وقار کی بجائے اقتدار بچانے کو ترجیح نہ دیں ان کا جانا ٹھہر چکا ہے اب صرف انہیں اپنے لیے راستے کا تعین کرنا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے اسلام آبا د روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے سچ بول کر استعفیٰ دینے کی پہل کر دی ہے اور ثابت ہو رہا ہے کہ کرپشن میں لتھڑی موجودہ حکومت اپنے ہی بوجھ سے گر جائے گی وزیر اعظم ہاؤس اور اربا ب اختیار پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے اور وزراء بھی سچ بولنے پر آئے تو استعفوں کی لائن لگ جائے گی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ رشوت ،سفارش ،ہارس ٹریڈنگ اور بے ضابطگیاں نواز لیگ کی اصل پہچان ہیں پاکستان کے عوام ابھی تک چھانگا مانگا ریسٹ ہاؤس کے بریف کیس نہیں بھولے عمران خان کی طرف سے لگائے جانے والا الزام با وزن ہے جس کے گواہ بھی موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ دھمکیاں دینے کی بجائے عدالت میں جانے کا حوصلہ کریں تاکہ ثبوت عوام کے سامنے لائے جا سکیں ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد کا تحریک انصاف کا جلسہ کرپشن کے خلاف زبردست عوامی رد عمل ہے اور پی ٹی آئی کی مقبولیت کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے والوں کیلئے کھلا جواب ہے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک میں مزید تیزی آئے گی اوردیگر شہروں میں اس سے بھی بڑے جلسے منعقد ہوں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پرویز رشید کے بعد پی ٹی آئی کے جلسے کی کرسیاں گننے کی ذمہ داری اب موٹو گینگ کے سپر د ہو گئی ہے کرسیاں گننے والے نوشتہ دیوار بھی پڑھیں اور عوامی غیض وغضب سے بچیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عمران خان ملک گیر تبدیلی لا کر رہیں گے اور کرپٹ حکمرانوں کو لٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی لٹانا ہو گی ۔