سپیکر سردار ایاز صادق کی سر براہی میں 15رکنی پارلیمانی وفد 29 اپریل2017 کو کابل روانہ ہو گا

وفد افغانستان میں قیام کے دوران اپنے ہم منصبوں کے علاوہ افغانی قیادت ،افغان رہنمائوں سے ملاقاتیں کریگا دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے ،دونوں ممالک کے مشترکہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیا ل کیا جائیگا

جمعہ 28 اپریل 2017 17:55

سپیکر سردار ایاز صادق کی سر براہی میں 15رکنی پارلیمانی وفد 29 اپریل2017 ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ایک 15 رکنی پارلیمانی وفد دو روزہ دورے پر 29 اپریل،2017کو افغانستان روانہ ہو گا۔وفد افغانستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے ہم منصبوں کے علاوہ افغانی قیادت اور افغانستان کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرے گا۔ان ملا قاتوں میں دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے علاوہ دونوں ممالک کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس دورے کو بڑی اہمیت دی جا رہی ہے اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو مذا کرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد ملی گی۔ سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ وفد میں سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق قائد ایوان سینٹ ،وفاقی وزراء عبدالقادر بلوچ، اکرم خان درانی، سینیٹرمشاہد حسین سید،سینیٹر حاصل بزنجو، ممبران قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی،سردار اویس احمد خان لغاری، سید نوید قمر، شفقت محمود ، حاجی غلام احمد خان بلور، آفتاب خان شیرپائو، صاحبزادہ طارق اللٰہ اور غازی گلاب جمال شامل ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی سپیکر کے بیرون ملک دورے کے دوران قائم مقام سپیکر کے فرائض سرانجام دیں گے۔