وزیراعظم محمد نواز شریف کا موجودہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے پر ناراضگی کا اظہار

غیر فعال آئی پی پیز سے متعلق مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل وضع اور دو روز میں رپورٹ پیش کی جائے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، متعلقہ وزارتوں اور ان کے اداروں نے پیشگی منصوبہ بندی نہیں کی جس کیلئے ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے وزیراعظم محمد نواز شریف کا توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 17:50

وزیراعظم محمد نواز شریف کا موجودہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے پر ناراضگی کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے موجودہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، متعلقہ وزارتوں اور ان کے اداروں نے پیشگی منصوبہ بندی نہیں کی جس کے لئے ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔ انہوںنے یہ بات جمعہ کووزیراعظم ہائوس میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے رواں ماہ کے دوران مسلسل چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو غیر فعال آئی پی پیز اور کیپٹو پاور پلانٹس کی دستیابی اور استعمال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے نیپرا کی طرف سے اپ فرنٹ ٹیرف سے متعلق امور اور موسم گرما کے لئے لوڈ مینجمنٹ پلان سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کو بتایاکہ بجلی کی 866میگاواٹ پیداوار اپریل کے مہینے میں نظام میں بحال کر دی گئی ہے اور مئی 2017ء کے وسط تک مزید 400میگاوٹ بجلی نظام میں شامل کی جائے گی ۔

وزیر پانی و بجلی نے اجلاس کو بتایاکہ بجلی کے نظام میں رکاوٹیں دور کرنے کا پروگرام دسمبر 2017ء تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اجلاس کو پاکستان میں سولر پاور منصوبوں کی فنڈنگ کے حوالے سے عالمی بینک کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی کی صورتحال کی ہر گھنٹے بعد نگرانی کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یہ ٹیم بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی نگرانی کے بارے میں بھی ہفتہ وار بنیاد پر رپورٹ دے۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی ، سیکرٹری خزانہ اور وزیر اعظم کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ غیر فعال آئی پی پیز سے متعلق مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل وضع اور دو روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ بجلی کی پیداوار کے پلانٹس کی فرنس آئل سے ری گیسیفائیڈ لیکوڈ نیچرل گیس (آر ایم جی) اور کوئلے پر منتقلی کا متوازن منصوبہ وضع کیاجائے اور توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میںیہ منصوبہ پیش کیاجائے جس سے حکومت کو تمام شعبوں کے لئے بجلی کی لاگت مزید کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :