ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے پاکستان ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کا مقصد طلبہ کو تعلیم کے بعد بہتر روزگار کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے، قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر

جمعہ 28 اپریل 2017 17:12

ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے پاکستان ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے پاکستان ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کا مقصد طلبہ کو تعلیم کے بعد بہتر روزگار کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے جس کے لیے انہی حکمت عملیوں کو اختیار کیا گیا ہے جو امریکی یونیورسٹیوں میں کامیاب ثابت ہوئی ہیں مثلا یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبے کے درمیان پائیدار، اور باہمی فائدہ مند اشتراک عمل پیدا کرنا جو طلبہ کے لیے سود مند ہو۔

جمعہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے اسرا یونیورسٹی حیدرآباد کے زیر اہتمام پاکستان ورک فورس ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے طلبہ کے تعلیم کے بعد روزگار کے حصول میں امریکہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ کے تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں امریکی معاونت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی حکومت دیہی سندھ میں 400 سے زائد اسکولوں کو مدد فراہم کررہی ہے تاکہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تدریس میں ان کی استعداد بڑھائی جاسکے۔

جون وارنر نے کہا کہ 4 ہزار زیر تعلیم طلبہ، 8 سو اساتذہ اور 4 ہزار فارغ التحصیل طلبہ اس پروجیکٹ کے ذریعے آئی سی ٹی کی ٹریننگ حاصل کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے 2012ء سے 2015ء تک امریکہ کی بال اسٹیٹ یونیورسٹی اور اسراء یونیورسٹی حیدرآباد کے شراکتی پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے تھے، اس شراکت داری کی کامیابی کے بعد اس تعلیمی سفر کو 2016ء میں ایک سال کی توسیع دی گئی اور اسے پاکستان ورک فورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ میں بدل دیا گیا۔

اس منصوبے کے اہم ترین مقاصد میں سے ایک یہ بھی تھا کہ پاکستان کی دیگر 10 یونیورسٹیوں کی بھی ان کامیابیوں کے حصول میں معاونت کی جائے جن کے ذریعے طلبہ کو بہتر روزگار یا کاروبار شروع کرنے کی صلاحیتیں حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ ان 10 یونیورسٹیوں میں پشاور یونیورسٹی، انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز پشاور، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت، کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں، آئی بی اے سکھر، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان، یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادر خان وومنز یونیورسٹی کوئٹہ اور بلوچستان یونیورسٹی آفانفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز شامل ہیں۔

قبل ازیں اسراء یونیورسٹی حیدرآباد کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے شرکاء کو پروجیکٹ میں اپنی یونیورسٹی کی حاصل کی گئی کامیابیوں کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ تقریب سے خطاب کرنے والے دیگر اہم مقررین میں بال اسٹیٹ یونیورسٹی کے ڈاکٹر کینیتھ ہالینڈ اور ڈاکٹر جولی لیبو بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :