سرینگر،بھارتی الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں نام نہاد ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت سے 74ہزار پولیس اہلکار مانگ لئے

جمعہ 28 اپریل 2017 16:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) بھارتی الیکشن کمیشن نے 25مئی کو مقبوضہ کشمیر کے اسلام آباد حلقے میں ہونے والے بھارتی پارلیمانی نام نہاد ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت سے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 74ہزار اہلکار طلب کر لیے ہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس سروس کے مطابق الیکشن کمیشن نے بھارتی وزارت داخلہ کو لکھا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے نیم فوجی دستوں کی 740کمپنیاں تعینات کرنے کی ضرورت ہو گی۔

ایک کمپنی میں اہلکاروں کی تعداد 100ہوتی ہے اور اس حساب سے 740کمپنیوں کے اہلکاروں کی تعداد 74ہزار بنتی ہے۔ سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے حال ہی میں اتر پردیش سمیت پانچ بھارتی ریاستوں میں ہونیوالے انتخابات کیلئے حکومت سے محض 70ہزار نیم فوجی اہلکار طلب کیے تھے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے صرف ایک انتخابی حلقے کے لیے 74ہزار اہلکار مانگ لئے گئے ہیں جو ایک غیر معمولی بات ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کے لیے اتنی زیادہ اہلکاروں کا ایک مختصر مدت میں فراہم کرنا آسان نہیں ہوگا۔قبل ازیں 9اپریل کو سرینگر حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے صرف 30ہزار اہلکار طلب کیے گئے تھے۔ قابض فورسز نے اس روز پر امن کشمیری مظاہرین پر فائرنگ کر کے 8نوجوان شہید کر دیے تھے جس کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن نے 12اپریل کو اسلام آؓبادمیں ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کر کے 25مئی کی نئی تاریخ مقرر کر دی تھی۔