حیدرآباد میں بنیادی سہولیات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے ،ہر ممکن اقدامات ،وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،گورنر سندھ

نواز شریف حیدرآباد کی ترقی چاہتے ہیں ، یونیورسٹی ، میٹرو بس اور ائیر پورٹ کو فعال کرنے کا اعلان وزیر اعظم کا تحفہ ہیں ،میئر و ڈپٹی میئر حیدرآباد سے گفتگو

جمعہ 28 اپریل 2017 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور اقدامات حکومت کے منشور میں سرفہرست ہیں جس کے لئے ہر ممکن اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں کیونکہ حکومت کا وژن ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ہی عوام کی خوشحالی اور اس کے نتیجہ میں پاکستان کی خوشحالی وابستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلا تفریق ترقی اور معاشی ایجنڈے پر کا رفرما ہے ، بغیر ماسٹر پلان پھیلتے صوبہ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے گوناں گوں مسائل کا شکار ہے لیکن وفاقی حکومت پرعزم ہے کہ حیدرآباد کو اس کا کھویا ہوا مقام اور بنیادی سہولیات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے حیدر آباد کے میئرطیب ہاشمی اور ڈپٹی میئر سہیل مشہدی سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر راحیلہ مگسی اور پرنسپل سیکریٹری محمد صالح فاروقی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر اعظم کی جانب سے حیدر آباد کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج،شہر کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ذاتی خواہش ہے کہ صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اس ضمن میںشہر کے لئے تعلیم ،صحت اور آمدو رفت کی بہتر سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی ، میٹرو بس بنانے اور ائیر پورٹ کو فعال کرنے کا اعلان وزیر اعظم کی جانب سے حیدر آباد کے شہریوں کے لئے ایک زبردست تحفہ ہے،وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ پیکج میں میئر حیدرآباد کے دئیے گئے منصوبوں کو شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر میئر طیب حسین نے کہا کہ حیدر آباد کے لئے 50 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز کے اعلان پر وزیر اعظم کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد شہر کے ترجیحی منصوبوں کی تفصیلات سے گورنر سندھ کو آگاہ کریں گے تاکہ انھیں وزیر اعظم پیکج کا حصہ بنایا جاسکے ۔ ڈپٹی میئر سہیل مشہدی نے کہا کہ حیدرآباد کے بلدیاتی نمائندوں کی خواہش ہے کہ گورنر سندھ جلد از جلد بلدیہ عظمیٰ کا دورہ کریں ۔