ملک کے تمام اضلاع میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائینگے ،چوہدری نثار علی خان

اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا جن افراد کے قواعد مکمل نہیں ہونگے نادرا کسی صورت میںان کے شناختی کارڈ جاری نہیں کریگی، وزیر داخلہ قومی شناختی کارڈ پاکستان کی شناخت کی علامت ہے،سسٹم کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا،نادرا میگا سینٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ باآسانی قومی شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے ۔ جن افراد کے قواعد مکمل نہیں ہوں گے ، نادرا کسی صورت میںان کے شناختی کارڈ جاری نہیں کرے گی ۔

اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ قومی شناختی کارڈ پاکستان کی شناخت کی علامت ہے اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے گا اور نادرا کے سسٹم کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نارتھ ناظم آباد میں نادرا میگا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر مختصر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کو نادرا حکام نے بتایا کہ اس میگا سینٹر میں 28کانٹر بنائے گئے ہیں ، جس میں شناختی کارڈ جمع کرنے کے لیے دو ، تقسیم کرنے کے لیے تین ، معلومات کے لیے چار اور خصوصی افراد اور بزرگوں کے لیے تین کانٹر شامل ہیں ۔ اس میگا سینٹر میں بیک وقت دو ہزار افراد کے شناختی کارڈ کو پروسیس کرنے کی سہولت موجود ہے اور یہ سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کی تعمیر پر نادرا حکام کی تعریف کی اور کہا کہ نادرا میگا سینٹر کراچی کے علاوہ ملک کے تمام اضلاع میں قائم کیے جائیں گے تاکہ باآسانی شہریوں کو قانون کے مطابق شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر جمعہ کو کراچی پہنچے ۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اور رینجرز کے اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا ۔ وزیر داخلہ اپنے دورے میں رینجرز کی پاسنگ آٹ پریڈ کے علاوہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت میں بھی کریں گے ۔