ْباردانہ کے اجراء اور گندم خریداری میں 100فیصد شفافیت کو یقینی بنا یا جائیگا،ملک تنویر اسلم اعوان

جمعہ 28 اپریل 2017 17:01

ْباردانہ کے اجراء اور گندم خریداری میں 100فیصد شفافیت کو یقینی بنا یا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبہ میں گندم خریداری مہم کی خود نگرانی کررہے ہیں، اس لیے باردانہ کے اجراء اور گندم خریداری میں 100فیصد شفافیت کو یقینی بنا یا جائے کسی قسم کی شکایت ملی تو ذمہ دار سرکاری اہلکار کو نہیں چھوڑا جائیگا، حکومت پنجاب کاشتکاروں کو گندم کا پورا معاوضہ دلائے گی اور کسی صورت ان کا استحصال نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

صوبائی وزیر نے یہ بات رکھ چھابیل ،جی ٹی روڈمناواں اور مغلپورہ برکی گندم خریداری مراکزکے دورے کے موقع پر کہی ۔اس موقع پرسیکرٹری ہائوسنگ کیپٹن خرم آغا،ڈی سی لاہور سمیر احمد،اے ڈی سی ریونیو اوردیگر افسرا ن بھی موجو دتھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ 24اپریل سے باردانہ کی تقسیم کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ہر فوڈ سینٹر کا ٹارگٹ دولاکھ ،دس ہزار بوری ہے۔

گندم خریداری مراکز پر حکومت پنجاب کی طرف سے دئیے گئے احکامات کے مطابق کاشتکاروں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ کرسیاں اور پینے کا ٹھنڈا پانی فراہم کیا گیا ہے، صوبائی وزیر نے موقع پر موجود کاشتکاروں اور ان کے نمائندگان سے مراکز خرید گندم پر فراہم کی جانیوالی سہولتوں اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا .اس موقع پرکاشتکاروں نے مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔

انہوں نے سنٹر پر تعینات کوآرڈینٹرز اور دیگر عملہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اس بار گندم خریداری مہم کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تمام خریداری مراکز پر ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے سے بیوپاریوں اورکمیشن مافیا کا کردار ختم کردیا گیا ہے ،کسی کو کاشتکار کا استحصال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں سے گندم کے آخری دانے کی خرید تک مہم کو جاری رکھا جائے ۔