ملک کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کے کردار سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، آنے والے سالوں میں میڈیا ملک کا سب سے بڑا طاقتور طبقہ ہو گا

سماجی و سیاسی شخصیت سید محبوب حسین شاہ کا پاکستان فیڈرل یونین میں منتخب صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 16:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) سادات ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین معروف سماجی و سیاسی شخصیت سید محبوب حسین شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ملک کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کے کردار سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، میڈیا عوام کو نہ صرف آگاہی بلکہ ان میں شعور بھی اجاگر کر رہا ہے، آنے والے چند سالوں میں میڈیا اس ملک کا سب سے بڑا طاقتور طبقہ ہو گا، اسی کا حکومتوں کی تبدیلوں میں اہم کردار ہو گا۔

وہ گذشتہ روز ایبٹ آباد سے پاکستان فیڈرل یونین میں منتخب ہونے والے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل راجہ محمد ہارون، ممبر فیڈرل ایگزیکٹو کونسل سردار شفیق، ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ کے اعزاز میں اپنی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں صحافیوں کے علاوہ تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد، سابق ناظم کاکول سید سلطان شاہ، ممبر کینٹ بورڈ ایبٹ آباد سید فیصل شاہ ایڈووکیٹ اور سابق نائب ناظم کٹھوال شاہ پیر، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے چیئرمین جمیل اختر تنولی، ہزارہ ہومیو پیتھک ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ایبٹ آباد پریس کلب و ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس اور پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیداران کی طرف سے پریس کلب کے صدر محمد شاہد چوہدری نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایبٹ آباد کے میڈیا نے نہ صرف ہزارہ بلکہ صوبہ خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں اپنا ایک نام کماتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد کی بالخصوص اور ہزارہ کی بالعموم تعمیر و ترقی اور امن و امان میں اپنا نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کا اظہار ہزارہ کی عوام برملا کر رہے ہیں۔

سید محبوب حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد کی صحافت نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مظلوم کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور ظالم کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں، یہ طبقہ ایبٹ آباد کی ہر سطح پر بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :