بابا سردار حیدر زمان کے قریبی عزیز سردار محمد اقبال نے این اے 18- سے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

جمعہ 28 اپریل 2017 16:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا سردار حیدر زمان کے قریبی عزیز سردار محمد اقبال نے این اے 18- سے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلسہ میں انہوں نے جمعہ کو ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا حیدر زمان سمیت حلقہ کی عوام کی مشاورت کے بعد انہوں نے 2018ء میں ہونے والے انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہمارے بہت سے ووٹر مختلف پارٹیوں، گروپوں اور جنبوں میں پھنسے ہوئے ہیں، ان کا مشورہ ہے کہ آپ آزاد حیثیت سے آئیں ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 70 سال گذرنے اور تمام بڑی پارٹیوں سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی نے این اے 18- کی عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا، تعلیم، صحت، پینے کے پانی اور مواصلات کا نظام آج بھی عوام کیلئے درد سر بنا ہوا ہے، یہاں سے منتخب ہونے والے افراد اپنے مفادات کیلئے تو کام کرتے رہے مگر عوامی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کرتا جس سے لوگ محرومیوں کا شکار ہیں اور انہیں ایک ایسے دیانتدار اور فرض شناس نمائندہ کی ضرورت ہے جو ان کے دکھوں کا مداوا کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بسنے والے لاکھوں ہزارے وال آج بے پناہ مشکلات اور مصائب سے دو چار ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور یہاں کے ارکان اسمبلی نے ان کی اس کسمپرسی کی زندگی اور ان کو درپیش طرح طرح کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے، اگر الله نے موقع دیا تو نہ صرف اپنے حلقہ بلکہ کراچی میں لاکھوں ہزارے وال کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، اگر صرف اڑھائی سال میں عوام کے معیار پر پورا نہ اترا تو اس عہدے سے مستعفیٰ ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلیات جو سیاحوں کیلئے جنت ہے، وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، پورے گلیات اور شیروان میں آج بھی پسماندگی کے سائے منڈلا رہے ہیں، لوگوں کے شعور کو اجاگر کرنے اور انہیں تعلیم دینے کی بجائے نفرتیں پیدا کی گئی ہیں جن کی وجہ سے لوگ ترقی کی بجائے پستگی کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 18- کے دیہی علاقوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث لوگوں کا رخ شہروں کی طرف ہوا جس سے شہروں پر بھی آبادی کا دبائو بڑھا ہے، اگر ہم لوگوںکو دیہی علاقوں میں سہولیات فراہم کریں تو نہ صرف شہروں پر آبادی کا دبائو کم ہو گا بلکہ لوگوں کو روزمرہ زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک گلیات کو گیس نہیں مل سکی جس کی وجہ سے نہ صرف جنگلات تباہ ہو رہے ہیں بلکہ لوگوں کو ایندھن کے بھی بے پناہ مسائل درپیش ہیں، گلیات کے لوگ پانی کو ترس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سردار گوہر زمان اور بابا حیدر زمان ان کے گھر کی بات ہے، ہم اسے گھر میں بیٹھ کر طے کر لیں گے، بابا حیدر زمان آئندہ قومی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور ان کی مشاورت سے ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مشاورت میں ان کے حلقہ کی عوام ان کے ساتھ شامل حال ہے۔