ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء نے پہلی قومی ایڈونچر میراتھون میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی

جمعہ 28 اپریل 2017 16:58

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء نے پہلی قومی ایڈونچر میراتھون میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ یہ میراتھون ٹورازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے منعقد کروائی تھی۔ ایڈونچر میراتھون میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلباء نے حصہ لیا، ہزارہ یونیورسٹی کے دو طلباء نے مذکورہ ایونٹ میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پوزیشن ہولڈر طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس مہمان خصوصی تھے۔ وائس چانسلر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح کی ایڈونچر میراتھون میں ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء کا پوزیشن لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے طلباء نہ صرف تعلیمی سرگرمیوں میں صلاحیتو ں سے مالامال ہیں بلکہ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ان کی کارکردگی نہایت عمدہ ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ آصف خان کو طلباء کی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے طلباء یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوتے ہی برسر روزگار ہو جاتے ہیں جو نہایت حوصلہ افزاء بات ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی ڈیپارٹمنٹ کے ہونہار طلباء کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے یونیورسٹی اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اسلامک سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور اس شعبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے سربراہان، انتظامی افسران اور طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔