کونسلر اتحاد کیلئے رابطے جاری ہیں، جلد کونسلر اتحاد بنا کر مانسہرہ شہر کو مسائل سے نکالیں گے، ملک بابو ذوالقرنین

جمعہ 28 اپریل 2017 16:58

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) کونسلر اتحاد کیلئے رابطے شروع کر رہے ہیں، جلد ہی کونسلر اتحاد بنا کر مانسہرہ شہر کو مسائل سے نکالا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز سماجی شخصیت کونسلر ملک بابو ذوالقرنین نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے کونسلروں کا اتحاد ناگزیر ہو گیا ہے، مانسہرہ میں سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کا ہے، مانسہرہ شہر کی عوام گندہ پانی پینے پر مجبور ہے، اسی طرح چٹی ڈھیری، ڈب نمبر2 ، دھرمیاں، اپر چنئی، محلہ عثمانیہ، مدینہ کالونی، محلہ نیک آباد میں کنوائیں اور بورنگ خشک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہلیاں محلہ انتہائی اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں، قبرستان کی جگہ کا مسئلہ ہے، 20 کروڑ کا فنڈ وزیر اعظم نے قبرستان کیلئے دیا تھا مگراب تک خاموشی ہے اور قبرستان کیلئے جگہ کا تعین نہیں ہو سکا، زلزلہ سے لیکر اب تک ہسپتال کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی جو انتہائی نگہداشت کے مریض آتے ہیں ان کو ایبٹ آباد ریفر کر دیا جاتا ہے اور ضلع مانسہرہ میں خاص کر دل کے مریضوں کیلئے ڈاکٹر موجود نہیں ہے، دل کا مریض ایبٹ آباد جاتے ہوئے راستہ میں ہی دم توڑ دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کی عوام پریشانی سے دورچار ہے، نوجوانوں کیلئے شہر میں کھیل کا کوئی میدان نہیں ہے، نوجوان نسل منفی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے اور نہ ہی کوئی تفریح پار ک ہے، ان سب مسائل کو دیکھ کر دل خون کے آنسوں روتا ہے، ان مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل بیٹھ کر حل نکالنا ہوگا اور ان کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی، تمام تر اختلافات کو بھلا کر مانسہرہ کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور تمام کونسلروںکو ان مسائل پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، جب تک ہم ایک ہو کر آواز بلند نہیں کریںگے، اس وقت تک مسائل حل ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دیتے جس کیلئے تمام کونسلروں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔