Live Updates

چیئرمین نیب کی نااہلی ،ْپی ٹی آئی ریفرنس سماعت کیلئے منظور

سپریم جو ڈیشل کونسل کے چیئر مین نے 16مئی کو کونسل کااجلاس طلب کرلیا سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کی طلبی تحریک انصاف کی فتح ہے ،ْفواد چوہدری

جمعہ 28 اپریل 2017 16:54

چیئرمین نیب کی نااہلی ،ْپی ٹی آئی ریفرنس سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی نااہلی کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ریفرنس ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلیا گیا اور سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین نے اس حوالے سے 16 مئی کو کونسل کا اجلاس طلب کرلیا۔تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے میڈیا کو بتایا انھیں سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے خط موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق کونسل چیئرمین نے 16 مئی کو اجلاس طلب کرلیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کی طلبی تحریک انصاف کی فتح ہے۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب کے پاس منصب پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔انھوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث ہر کردار کو انجام سے دوچار ہونا پڑیگا اور بہت جلد وزیراعظم بھی اسی انجام کا سامنا کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں ماہ 24 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف نے نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی نااہلی کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

پی ٹی آئی نے اپنے ریفرنس میں موقف اپنایا تھا کہ نیب چیئرمین اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے ،ْ ان کے خلاف پاناما کیس کے فیصلے میں بھی ججز نے آبزرویشن دی۔ریفرنس میں سپریم جوڈیشل کونسل سے درخواست کی گئی کہ چیئرمین نیب کو نا اہل قرار دیا جائے۔ریفرنس میں کہا گیا کہ ایسے کردار کا حامل شخص کس طرح کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے ،ْنیب چیئرمین کو کام کرنے سے روکا جائے ورنہ عدالتی فیصلے کی تضحیک ہوگی۔

واضح رہے کہ 20 اپریل کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف مزید تحقیقات کیلئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ پاناما لیکس کی سماعت کے دوران متعدد مرتبہ نیب اور ادارے کے چیئرمین کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے تھے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات