سام سنگ اور جاز کے اشتراک سے گلیکسی S8 اور S8 پلس کے ساتھ ایک ماہ کیلئے مفت انٹر نیٹ کی فراہمی

جمعہ 28 اپریل 2017 16:50

سام سنگ اور جاز کے اشتراک سے گلیکسی S8 اور S8 پلس کے ساتھ ایک ماہ کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) سام سنگ اور جاز نے پاکستان میں فلیگ شپ ڈیوائس گلیکسی S8 اور S8 پلس کی لانچنگ کیلئے اشتراک کا اعلان کیا ہے ۔دونوں کمپنیوں کے درمیان اس اشتراک کے نتیجے میں صارفین گلیکسی S8 اور S8 پلس اپنے قریبی جاز ریٹیل آؤٹ لیٹس سے بالترتیب 87ہزار اور 97ہزار روپے میں حاصل کئے جاسکیں گے۔صارفین ان دونوں اسمارٹ فونز کی خریداری پر ایک ماہ کیلئے مفت تھری جی اور ایل ٹی ای انٹرنیٹ کی سہولت سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

سام سنگ پاکستان و افغانستان کے صدر J H Leeکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں اسمارٹ فونز پسند کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد سام سنگ پر اعتماد رکھتی ہے ،پاکستان میں سام سنگ کی دو نئی ڈیوائسز کی لانچنگ کیلئے ہم نے معروف موبائل نیٹ ورک جاز کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے صارفین کیلئے یہ انتہائی مفید ثابت ہوگا۔جا زکے ہیڈ آف ڈیٹا اینڈ ڈیوائسز محمد ولی خان کا کہنا تھا کہ سام سنگ اور جاز کے درمیان یہ اشتراک ایک انتہائی اہم پیشرفت ہے اور یہ ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔سام سنگ معیاری اور جدید ڈیوائسز کی تیاری کے ذریعے اپنے صارفین کو مطمئن کرنے کیلئے پر عزم اور کوشاں ہے۔