اسلام آباد ہائی کورٹ بار کا وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ

وزیر اعظم نے استعفی نہ دیا تو 12 مئی سے وکلاء حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے،صدر عارف چودھری

جمعہ 28 اپریل 2017 16:35

اسلام آباد ہائی کورٹ بار کا وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بار کے صدر عارف چودھری کا کہنا تھا کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف نے استعفی نہ دیا تو 12 مئی سے وکلاء حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ وزیر اعظم کے بچوں کے منی ٹریل پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے کچھ معاملات پر ایک وفد وزیر اعظم سے ملنے کا خواہش مند تھا لیکن پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد اب وزیر اعظم سے ملنے کی کوئی خواہش نہیں رہی ۔ اب صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عہدے سے مستعفی ہوں اور خود کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش کریں ۔اسلام آباد بار ہائی کورٹ کے صدر عارف چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ہم قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ۔

(جاری ہے)

پانامہ کیس سے پاکستانی اداروں کی بدنامی ہو رہی ہے ۔ سپریم کورٹ کے ججز کو دو ، دو پلاٹ دینا بھی غیر قانونی ہے اب حکومت کے خلاف لچک کا مظاہرہ نہیں دکھائیں گے اور بار اپنے مطالبات سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کی جانب سے بارہ مئی کو کنونشن بھی طلب کیا گیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو مدعو کیا جائے گا اگر وزیر اعظم نواز شریف نے استعفی نہ دیا تو وکلاء بارہ مئی سے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔