کراچی سٹی کورٹ کے اطراف پارکنگ مافیا کا راج،سائلین کو مشکلات کا سامنا

سی پی ایل سی کی قانونی پارکنگ موجود ہونے کے باوجود ڈی ایم سی نے غیر قانونی طور پر نجی افراد کو پارکنگ کا ٹھیکہ دے دیا غلط طریقے سے گاڑیاں پاک کرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک جام رہنما معمول بن گیا،شہریوں کا اعلیٰ حکام صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 28 اپریل 2017 16:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) کراچی سٹی کورٹ کے اطراف پارکنگ مافیا کا راج ہوگیا ۔سی پی ایل سی کی قانونی پارکنگ موجود ہونے کے باوجود ڈی ایم سی نے غیر قانونی طور پر نجی افراد کو پارکنگ کا ٹھیکہ دے دیا ۔غلط طریقے سے گاڑیاں پاک کرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک جام رہنما معمول بن گیا جس کی وجہ سے عدالتوں میں آنے والے ہزاروں سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

شہریوں نے متعلقہ حکام سے پارکنگ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے وسط میں واقع سٹی کورٹ میں روزانہ سیکڑوں مقدمات کی سماعت ہوتی ہے اورہزاروں سائلین انصاف کے حصول کے لیے یہاں آتے ہیں ۔تاہم اب کے ایم سی ،ڈی ایم سی اور ٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے سٹی کورٹ کے باہر اور اطراف میں غیر قانونی پارکنگ مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ لیے ہیں اور شہریوں سے بلاجواز پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سٹی کورٹ کے باہر سی پی ایل سی کی ایک پارکنگ موجود ہے لیکن اس کے باوجود اب یہ کام ٹھیکیداروں کے حوالے کردیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ایک شہری نے بتایا کہ پارکنگ مافیا کے کارندوں کا رویہ انتہائی ہتک آمیز ہوتا ہے اور اگر ان کی پارکنگ میں گاڑی پارک نہ کی جائے تو وہ ٹریفک پولیس کی مدد سے ان کی گاڑیوں کو اٹھوادیتے ہیں اور شہریوں کو اپنی گاڑیوں کے حصول کے لیے کئی گھنٹے تک تگ و دو کرنی پڑتی ہے ۔

سٹی کورٹ کے باہر موٹر سائیکل کی پارکنگ کے 10اور گاڑی والوں سے 20روپے وصول کیے جارہے ہیں ۔ ایم سی ،ڈی ایم سی اور ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار کروڑوں روپے کی اس رقم کی بندربانٹ کرلیتے ہیں جس سے قومی خزانے کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ادھر غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے سٹی کورٹ کے باہر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ۔جبکہ ٹریفک پولیس نے تمام ذمہ داریوں سے استثنیٰ لے کر خود کو محض ہیلمٹ نہ پہننے اور نمبر پلیٹ آویزاں نہ ہونے والے موٹرسائیکل سواروں کے چالان تک محدود کردیا ہے ۔اس حوالے سے سٹی کورٹ آنے والے سائلین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالت کے باہر غیر قانونی پارکنگ کا نوٹس لیا جائے اورپارکنگ کے خلاف مافیا کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :