ورلڈ سیفٹی اینڈ ہیلتھ ڈے ۔ریسکیو1122کے زیراہتمام سیفٹی واک اور تحریری مقابلوں کا انعقاد

جمعہ 28 اپریل 2017 15:07

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء)ریسکیو1122ملتان کے زیراہتمام ورلڈ سیفٹی اینڈ ہیلتھ ڈے کے موقعپر آگاہی واک اور سیمینارکاانعقاد کیاگیاجس کامقصد لوگوں کو اس بات سے متعلق آگاہی دینا تھا کہ احتیاط کو اپنی زندگی کا لازمی جزو بنائیں اور سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرکے محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا اپنا فرض ادا کرسکیں۔

ہرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات اوربچے اپنے شعبے اور کام کے اعتبار سے سیفٹی اصولوں پر عمل پیراہوں اور انہیں اپنی زندگی کا اہم حصہ بنائیں۔ریسکیو1122کے زیراہتمام سنٹرل اسٹیشن چوک کمہاراں سے واک کا آغاز ہوا اور مدنی چوک پر پہنچ کر اختتام پذیرہوئی۔واک کے شرکاء نے سیفٹی سے متعلق بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

(جاری ہے)

واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کی۔واک میں سول سوسائٹی ،میڈیا اور ریسکیو1122کے اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر سنٹرل اسٹیشن کے کانفرنس روم میں سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔سیمینار میں شریک تمام افراد نے ریسکیورز کے تحریرکیے گئے چارٹس کوبغور پڑھا اور مقابلے میں شامل ریسکیورز کی کاوشوں کوسراہا۔ججز کی جانب سے اچھے پیغامات والے چارٹس تحریر کرنیوالے ریسکیورز کیلئے انعامات کی سفارش بھی کی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے سیفٹی سے متعلق پیغام دیتے ہوئے کہاکہ سیفٹی وہ درس ہے جوہرانسان ہوش میں آنے کے بعد پہلی درسگاہ اپنی ماں سے سیکھتا ہے اور بڑے ہو کر وہ جس شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہوتا ہے ۔اسے اپنے کام سے متعلق سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کرنا اس کی اپنی اورقریبی ورکرزدوستوں اور فیملی کے افراد کی حفاظت کیلئے بہت ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ دنیا میں ہونیوالے ہرحادثے میں کسی انسان کی غفلت کاعموماً دیکھی گئی ہے۔اگر ہرشخص سیفٹی کے حوالے اپنی ذمہ داری سمجھے ،سیفٹی رولز پر عملدرآمد کرے اوراگربچوں کے سلیبس میں سیفٹی کامضمون لازمی طورپر شامل کرلیا جائے تو ہماری آنے والی نسل ایک محفوظ معاشرہ قائم کرے گی جوکہ ریسکیو1122کا اہم مشن ہے۔