ملک میں کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہیں رہے گا، سائرہ افضل تارڑ

جمعہ 28 اپریل 2017 14:08

ملک میں کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہیں رہے گا، سائرہ افضل تارڑ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء)نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے ہر بچے کا حق ہے۔ حکومت تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے لئے پرعزم ہے اور کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہیں رہے گا۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تمام بچے جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رہیں لیکن یہ ایک مشترکہ مشن ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

جس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ہفتہ امیونائزیشن منایا جا رہا ہے۔ یہ ہفتہ 24 اپریل سے شروع ہوا ہے اور اپریل کی 30 تاریخ تک جاری رہے گا۔ حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے سے دنیا میں لاکھوں زندگیاں بچائی گئی ہیں اور حفظان صحت کے حوالے سے ایک کامیاب اور کم خرچ طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ کو منانے کا مقصد مختلف کمیونٹیز ، پارلیمنٹیرین، شراکت داروں، فریقوں، میڈیا اور متعلقہ دیگر اداروں کو امیونائزیشن کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور پائیدار ترقیاتی اہداف 2030ء کے حصول میں کردار ادا کرنا ہے۔ اس سے قبل 2016ء میں بھی امیونائزیشن کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے مہم چلائی گئی۔ رواں سال اس کا موضوع ویکسین ورک رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ ہم سب ایک ہو کر کام کریں گے تو یقینا ہمارا یہ مشن پورا ہو گا اور ہر بچہ محفوظ ہو گا یعنی ہمارا آج اور کل صحت مند اور محفوظ ہو گا۔