Live Updates

عمران خان کی 10ارب روپے والی آفر کی بات بالکل جھوٹی ہے ،ْآصف زرداری صرف سیاسی بیان دے رہے ہیں ،ْسعد رفیق

جمعہ 28 اپریل 2017 13:25

عمران خان کی 10ارب روپے والی آفر کی بات بالکل جھوٹی ہے ،ْآصف زرداری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی 10ارب روپے والی آفر کی بات بالکل جھوٹی ہے ،ْآصف زرداری صرف سیاسی بیان دے رہے ہیں ،ْہمارے سندھ میں جانے سے زرداری صاحب غصے میں ہیں ،پانامہ کیس کے فیصلے پر نظر ثانی کی کوئی بات سامنے نہیں آئی ،ْ،کارکردگی کے حوالے سے ہمارے مخالفین کے پاس کچھ نہیں ،ْ عمران خان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ،ْ خود ہی اپنے لئے کافی ہیں ،ْ مریم نوازکا ڈان لیکس سے کوئی تعلق نہیں ۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور زرداری صاحب پانامہ کیس کے فیصلے کو کلائمکس سمجھتے ہیں ،ملکی سیاست میں گالیاں اور جھوٹ بہت سہنا پڑتا ہے ،کارکردگی کے حوالے سے ہمارے مخالفین کے پاس کچھ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، وہ خود ہی اپنے لئے کافی ہیں ،عمران خان بتائیں کہ انہیں پانامہ کیس سے پیچھے ہٹنے کیلئے 10ارب روپے کی آفر کس نے کی ہے عمران خان اس معاملے میں جھوٹ بول رہے ہیں ،کوئی پاگل ہی ہوگا جو عمران خان کو ایسی آفر کریگا ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے پرنظر ثانی کی کوئی بات سامنے نہیں آئی بلکہ ہماری اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ وہ عمران خان کے مقدمے کو بھی دیکھیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر ریلوے نے کہا کہ بعض معزز جج صاحبان کے ریمارکس پانامہ کیس کے فیصلے میں قانون کے مطابق نہیں تھے اور کچھ ایسے ریمارکس تھے جن کی بالکل ضرورت نہیں تھی ،پانامہ لیکس کی مزید تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی ہم نے نہیں عدلیہ نے بنائی ہے ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دو ججز نے ہمارے خلاف بہت کچھ لکھا جس پر ہمیں تحفظات ہیں ،پانامہ کیس کے فیصلے میں گارڈ فادر ناول کا حوالہ کسی طور مناسب نہیں تھا ،ْناول کا کردار شریف خاندان کے حوالے سے درست نہیں ،ْیہ ضروری نہیں کہ ہر خوش قسمتی کے پیچھے جرم ہو ،جسٹس آصف سعید کھوسہ اور ان کے خاندان کو ہم جانتے ہیں ،وہ بہت ہی ایماندار ہیں ، ہم پانچوں ججز کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا عدلیہ پر دباؤ ڈالنے والا باب بند ہو چکا ہے ،ہم نے آزادعدلیہ کیلئے جدوجہد کی ہے ،کچھ جملے ججز کیلئے نہیں بلکہ سیاستدانوں کیلئے ہوتے ہیں ،ْحکومت اس پوزیشن پر نہیں کہ عدالت پر اثر انداز ہو سکے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید پانامہ کیس کی سماعت کے دوران بھی ہر روز عدالت کے باہر تماشہ لگاتے تھے ،عمران سمجھتے ہیں کہ وہ گالیاں دیکر الیکشن جیت جائیں گے ۔

پیپلزپارٹی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی پارٹی پورے ملک سے ختم ہو چکی ہے اور صرف اندرون سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ،ہمارے سندھ میں جانے سے آصف زرداری کو غصہ آرہا ہے ،وہ صرف سیاسی بیان دے رہے ہیں ،پاکستان جیسے ملک میں حکومت چلانا اتنا آسان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مریم نوازکا ڈان لیکس سے کوئی تعلق نہیں ہے ، پنجاب میں ہر چیز حمزہ شہباز سے جوڑی جاتی ہے جبکہ مرکز میں ہر چیز مریم نوازسے جوڑ دی جاتی ہے جو کہ کسی طور پر بھی مناسب نہیں ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات