راولپنڈی، ڈرائیور کی غفلت سے میٹرو بس سے گر کر تھرڈ ائیر کی طالبہ جاں بحق

تحریک انصاف کا میٹرو بس سے لڑکی کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار ، غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت

جمعہ 28 اپریل 2017 12:19

راولپنڈی، ڈرائیور کی غفلت سے میٹرو بس سے گر کر تھرڈ ائیر کی طالبہ جاں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) راولپنڈی میں رحمان آباد اسٹیشن پر میٹرو بس سے گر کر لڑکی جاں بحق ہوگئی ،حادثہ ایمرجنسی بریک لگانے کے باعث پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میٹرو بس کے رحمان آباد اسٹیشن پر جاری مرمتی کام کی بدولت بس ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگائی جس کے نتیجے میں بس میں سوار ایک لڑکی باہر جاگری اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

(جاری ہے)

لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سمیرا کے نام سے ہوئی، سمیرا سر سید چوک کی رہائشی اور میڈیکل کالج میں تھرڈ ایئر کی طالبہ تھی ۔ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے میٹرو بس سے لڑکی کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے نواز لیگ پر تنقید کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کی بے حسی اور نااہلی شہر میں موت بانٹنے لگی ہے۔ ترجمان نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور پنجاب حکومت لڑکی کے لواحقین کو خون بہا ادا کرے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ قبل راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس میں سفرکے دوران پیش آنے والے حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔