پاکستان اور اٹلی نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پینے کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کیلئے واش منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے

جمعہ 28 اپریل 2017 11:05

پاکستان اور اٹلی نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پینے کے صاف اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان اور اٹلی کے مابین خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پینے کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے لئے واش منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ یہ معاہدہ راہا پروگرام کے تحت پاکستان اور اٹلی کے مابین ڈیبٹ سویپ ایگریمنٹ (پی آئی ایس ای) کے ذریعے کیا گیاہے ۔ معاہدے پر وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اور پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفنو یونسٹیکرو نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا مقصد افغان مہاجرین اور ان کے میزبان برادری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ پروگرام کے تحت شمسی توانائی سے کام کرنے والی آٹھ فراہمی آب کی سکیمیں شروع کی جائیں گی جس سے پانی کے مؤثر استعمال اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع لکی مروت‘ ڈی آئی خان‘ بنوں اور ٹانک کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 15 کروڑ تین لاکھ 41 ہزار روپے لگائی گئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اٹلی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے یہ منصوبے خیبر پختوخوا کے جنوبی اضلاع کی عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :