ْ عافیہ کی واپسی کے معاملے پر حکومت قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے واشنگٹن، پاکستانی سفارتحانے میں اس بات کا تو اعتراف کیا کہ امریکی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات میں شکیل آفریدی کی رہائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی ہے لیکن قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے پر پیشرفت سے قوم کو آگاہ نہیں کیا گیا ، بیان

جمعرات 27 اپریل 2017 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2017ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کی واپسی کے معاملے پر حکومت قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے ۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے واشنگٹن، پاکستانی سفارتحانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا تو اعتراف کیا ہے کہ امریکی مشیر قومی سلامتی میک ماسٹرسے ملاقات میں شکیل آفریدی کی رہائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی ہے لیکن انہوں نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے پر پیشرفت سے قوم کو آگاہ نہیں کیا۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ حال ہی میں وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایوان بالا میں بیان دیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سفارتی کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام شکیل آفریدی کے معاملے پر مسلسل بات کررہے ہیں اور کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کر رہے جبکہ ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی حکومت کا واضح موقف قوم کے سامنے نہیں آرہا ہے جس کی وجہ سے شکوک و شبہات پیدا ہونا فطری امر ہے۔

پاکستانی حکام کو عافیہ کی رہائی کیلئے امریکیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ ایک بے گناہ پاکستانی خاتون شہری کی رہائی کیلئے بات کررہے ہیں جو کہ 14 سالوں سے قید ناحق میں ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ ماضی کے تجربات پوری قوم کے سامنے ہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کوپراسرار انداز میں چھوڑدینا تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔امداد کے حصول کیلئے قومی غیرت کا سودا نہیں کیا جاتا ہے۔امریکی پاکستانی عوام کو دوست بنانا چاہتے ہیں تو22 کروڑ پاکستانیوں کا عافیہ کو رہا کرنے کا مطالبہ پورا کریں۔#