وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت، برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ مل کر کیک کاٹا

جمعرات 27 اپریل 2017 23:39

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت، برطانوی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقامی ہوٹل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی-برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو،سفارتکاروں، صوبائی وزراء، سیاستدانوں،دانشوروں اورزندگی کے مختلف شعبہ سے وابستہ ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی-وزیراعلیٰ شہبازشریف نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان خصوصا پنجاب کے عوام کی جانب سے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ پر برطانوی شہریوں کو مبارکباددی-وزیراعلیٰ نے ملکہ برطانیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور ان کی درازی عمر کیلئے دعاکی۔وزیراعلیٰ نے شاندار فلاحی خدمات پر ملکہ برطانیہ کو خراج تحسین پیش کیا -وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ اورتاریخی روابط قائم ہیں۔

(جاری ہے)

ملکہ برطانیہ کیلئے دولت مشترکہ کے ممالک سمیت دنیا بھر میں عزت و احترام پایا جاتا ہے - ملکہ برطانیہ کی انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں - پاکستان اور برطانیہ دونوں دہشت گردی کے ناسور کا شکار ہیں -لاکھوں پاکستانی برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں - برطانیہ نے ہمیشہ پاکستان میں جمہوری نظام کی مضبوطی کی حمایت کی ہے -برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (ڈیفڈ)کے اشتراک سے پنجاب میں بہت بڑے پروگرام پر عملدرآمد ہو رہا ہے - یہ مالی امداد کسی شرائط سے منسلک نہیں - تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں برطانوی ادارے کا تعاون لائق تحسین ہے -پاکستان اور برطانیہ میں بڑھتے ہوئے تعلقات کو نئی جہت دینی ہے اور اس پروگرام کو ایڈ کی بجائے ٹریڈ میں بدلنا ہے - پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو بڑھانا ہے تا کہ دونوںممالک کے عوام کو فائدہ پہنچی- انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان اوربرطانیہ کے مابین دوستی اورتعاون بڑھ رہا ہے ۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لیکر جانے کا وقت آگیا ہے -برطانوی ہائی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں -ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے موقع پر ہم پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کی 70 ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں - برطانیہ اور پاکستان ترقی و خوشحالی کے سفر کے اہم شراکت دار ہیں اور وزیر اعلی شہباز شریف برطانیہ کے بہترین دوست ہیں -

متعلقہ عنوان :