جاپان اور پاکستان کے درمیان علمی، ادبی اور ثقافتی رابطوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیے،عرفان صدیقی

جاپانی اور پاکستانی ادب کے باہمی تراجم کی تجویزکا جاپانی سفیرکی جانب سے خیرمقدم ْپاکستان جیسے خوبصورت اور مہمان نواز ملک میں آکر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے ،تاکاشی کورائی مشیر وزیراعظم کوپاک جاپان سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ پرمرکزی تقریب میں شرکت کی دعوت دی

جمعرات 27 اپریل 2017 17:45

جاپان اور پاکستان کے درمیان علمی، ادبی اور ثقافتی رابطوں میں مزید اضافہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان گہرے دوستانہ تعلقات کی طویل تاریخ رکھتے ہیں۔

دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی65ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان علمی، ادبی اور ثقافتی رشتوں میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔عرفان صدیقی نے جاپانی اور پاکستانی ادب کے باہمی تراجم کی تجویز بھی پیش کی جسے جاپانی سفیر نے بہت سراہا۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے عوام کو باہمی دورں کے زیادہ مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان گزشتہ سال سے مہاتمابدھ کے یومِ پیدائش پر وسا کھ میلہ منعقد کر رہا ہے جس میں سری لنکا، بھوٹان، چین اور دوسرے ممالک سے بدھ بھکشو شرکت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔ انہوں نے جاپانی سفیر کو دعوت دی کہ اس سلسلے میں جاپان کے وفد کوبھی خوش آمدید کہا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہا کہ انہیں پاکستان جیسے خوبصورت اور مہمان نواز ملک میں آکر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک جاپان سفارتی رشتے استوار ہونے کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر جاپانی سفارت خانہ ایک بڑی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کر رہا ہے۔ انہوں نے عرفان صدیقی کو اس تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ ملاقات کے موقع پر جاپان کے سفارت خانہ کے فرسٹ سیکرٹری کٹسونوری آشیدا اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری نزیر احمد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :