مسجد حرام میں کبوتروں کےلئے بیج فروخت کرنے والی خاتون پرایک شخص کا سرعام تشدد،سوشل میڈیا پر وڈیووائرل

جمعرات 27 اپریل 2017 17:04

مسجد حرام میں کبوتروں کےلئے بیج فروخت کرنے والی خاتون پرایک شخص کا ..
مکہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27اپریل2017ء):۔ سعودی عرب میں تشددکا نشانہ بننے والی نوجوان خاتون کی مددکرنے کیلئےکئی ادارے میدان میں آگئے۔ گلف نیوز کے مطابق یہ نوجوان خاتون پرندوں کے لئے بیج فروخت کررہی تھی جب اسے عوامی مقام پر ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ سعیدہ مجریسی ایک ناخواندہ خاتون ہے جو کہ کبھی اسکول نہیں گئی۔ یہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہے جس نے اپنے غریب خاندان کا خرچ اٹھارکھا ہے۔

یہ خاتون مسجد حرام میں آنے والے زائرین کو کبوتروں کیلئے بیج فروخت کرتی ہے۔اس خاتون کا ایک آدمی کے ساتھ جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس شخص نے اس کو تھپڑ دے مارا، بعدازاں وہ خود کو بے یارومددگارمحسوس کرکے سنگ مرر کی زمین پر بیٹھ گئی۔اس لڑائی کے دوران ایک راہ گیر نے اس کی10منٹ کی وڈیو بنائی جوکہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس وڈیو پر لوگوں کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جو بھی وجہ تھی اس شخص کو اس عورت پر ہاتھ نہیں اٹھانا چاہیے تھا۔

مکہ کے امیر خالد الفیصل نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا ہےاور ساتھ ہی ساتھ مجرم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وہ شخص اس واقعے کے محض کچھ ہی گھنٹے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔بہت سے اداروں نے اس خاتون کی مالی امدادکرنے کی پیش کش کی ہے۔ جب کہ مکہ سوشل ڈویلپمنٹ بینک کے سربراہ عبداللہ الغامدی نے اس خاندان کی سرپرستی سنبھال لی ہے اور اس کو ان کی اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سرمایہ کاری بھی دینے کا اعلان کیاہے ۔

دوسری جانب اس کو، اس کی دو بہنوں اور ایک بھائی کو تعلیم بھی مہیا کی جائے گی۔واضح رہے کہ سعیدہ، جذان کی رہائشی ایک کم عمر خاتون ہے ، جس کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی اور اس کے والد نے بچوں پر کوئی توجہ نہیں دی ۔اس کا باپ کچھ عرصے سے جذان جیل میں ہے۔وہ مکہ میں اپنے بہن بھائیوں کے ہمراہ کمائی کے غرض سے آئی تھی۔