پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ہمیشہ مخلصانہ کردار ادا کیا ہے،ممنون حسین

جمعرات 27 اپریل 2017 16:54

پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے ہمیشہ مخلصانہ کردار ادا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے ہمیشہ مخلصانہ کردار ادا کیا ہے۔ اس سلسلے میں وہ روس کے تعمیری کردار کا خیر مقدم کرتا ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کی خارجہ پالیسی بہترین ہے اور اس نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی میں زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہماری ترجیح ہے۔اس سلسلے میں ہماری پرخلوص کوششوں کے نتائج آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات کی خرابی کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوتے ہیں،اس لیے پاکستان نے افغانستان میں استحکام کی ہرکوشش کی کامیابی کے لیے خلوص سے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان روس سے اچھے تعلقات چاہتا ہے اورروس کے ساتھ خوش گوار تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی اکائیوں میں احساس محرومی تب پیداہوتا ہے جب عوامی مسائل کے حل کی رفتار سست ہو جائے اس سے ریاست کمزور ہوتی ہے۔ اس لئے عوامی مسائل کے حل کے لیے ضابط کار کو رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے جسے بتدریج دفتری زبان بنانا چاہئے ، اس سے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وہ ہمیشہ اردو میں تقریر کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری جامعات کو چاہئے کہ وہ جدید علوم کی کتابوں کاترجمہ اردو میں کرائیں تاکہ معاشرے کا کوئی طبقہ علم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا جلدخاتمہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ مسلح افواج نے بھی اہم کردارادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیاجائے گا اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مکمل اعتماد میں لیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پالیسیوں کی سمت درست ہے جس کینتیجے میں ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کے فضل سے ترقی کی ایک بڑی چھلانگ لگانے کی تیاری کررہا ہے جس میں قوم کے تمام طبقات کو اپناحصہ ڈالنا چاہئے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے زیر تربیت سینئر افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔