پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے،ممنون حسین

جمعرات 27 اپریل 2017 16:54

پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے،ممنون حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان اورآپریشن ردالفساد کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صدر مملکت نے یہ بات اٹلی کی فوج کے سربراہ جنرل ڈینیلو ایرکو سے بات چیت کے دوران کہی، جنھوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ملکوں کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاع کے شعبے میں اٹلی کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے اٹلی کی جانب سے پاک بحریہ کے پروگراموں میں شرکت کو بھی سراہا اور اٹلی کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر اٹلی کی فوج کے سربراہ جنرل ڈینیلو ایریکو نے کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کی اقدار مشترک ہیں اور اٹلی دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنے پر پاک فوج کو سراہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔