سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کمپنیز بل 2017 میں مزید ترامیم کی سفارش

جمعرات 27 اپریل 2017 16:46

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی کمپنیز بل 2017 میں مزید ترامیم کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور، شماریات و نجکاری نے کمپنیز بل 2017 میں بعض مزید ترامیم کی سفارش کردی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا کی زیرصدارت جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ کمیٹی نے کمپنیز بل 2017 کی تقریباً ایک سو سے زائد شقوں کو زیر بحث لایا اور مسودے میں بعض نئی ترامیم کی تجویز دی۔

اس بل کا مقصد کمپنیوں سے متعلق قانون میں اصلاح اور اس کا مو ثر نفاذ یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے اور اسے مزید غور کے لئے 17 فروری 2017 کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو ارسال کیا گیا۔ اس حوالے سے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی کے ارکان نے اب تک بل کی 444 شقوں کا مطالعہ مکمل کر لیا ہے جبکہ دیگر شقوں کا آئندہ اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سینیٹرز محمد محسن خان لغاری، کامل علی آغا اور الیاس بلور کے علاوہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، لا ڈویژن کے حکام اور دیگر متعلقہ شراکت داروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :