پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے ، نیشنل ایکشن پلان اور"آپریشن ردالفساد" کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی

صدر مملکت ممنون حسین کی اٹلی کی فوج کے سربراہ جنرل ڈینیلو ایرکو سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 27 اپریل 2017 16:38

پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے ، نیشنل ایکشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان اور"آپریشن ردالفساد" کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔صدر مملکت نے یہ بات اٹلی کی فوج کے سربراہ جنرل ڈینیلو ایرکو سے بات چیت کے دوران کہی جنھوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ملکوں کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دفاع کے شعبے میں اٹلی کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے اٹلی کی جانب سے پاک بحٍریہ کے پروگراموں میں شرکت کو بھی سراہا اور اٹلی کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر اٹلی کی فوج کے سربراہ جنرل ڈینیلو ایریکو نے کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کی اقدار مشترک ہیں اور اٹلی دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر پاک فوج کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔