بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور ریاستی سرپرستی مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے،عالمی برادری بھارت کی تخریبی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لے، تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان ،کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں دہشت گردی کے اعترافی بیانات اور حال ہی میں افغانستان میں مدر آف آل بم کے دھماکے میں 13را ایجنٹوں کی ہلاکت بھارت کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 27 اپریل 2017 16:38

بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور ریاستی سرپرستی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور ریاستی سرپرستی مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے،عالمی برادری بھارت کی تخریبی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لے، تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ا یجنٹ کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں دہشت گردی کے اعترافی بیانات اور حال ہی میں افغانستان میں مدر آف آل بم کے دھماکے میں 13را ایجنٹوں کی ہلاکت بھارت کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ احسان کا کیس کلبوشن یادیو سے مختلف ہے ، ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان نے رضاکارانہ طور پر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا اور اس نے بھی افغانستان میں بھارتی را ایجنٹوں کی موجودگی،دہشت گردوں کی سرپرستی اور افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں افغانستان میں مدر آف آل بم کے دھماکے میں 13بھارتی را ایجنٹوں کی ہلاکت بھی خطے بالخصوص پاکستان میں بھارت کی تخریبی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی ناقابال تردید ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کلبوشن یادیو بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور اس نے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کیا ہے ، ملک کے تمام قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عدالت نے اسے سزا سنائی ہے۔

کلبوشن یادیو کو قونصلر رسائی سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے فیصلہ میرٹ پر کیا جائیگا ۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور سرپرستی ثابت ہو چکی ہے جبکہ ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان نے مزید ثبوت فراہم کئے ہیں ۔احسان اللہ احسان نے اعترافی بیان میں یہ بھی کہا کہ جب جماعت الحرار کا رہنماء ایک حملے میں زخمی ہوا تو اس کا علاج بھارت میں کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ نارروا سلوک اور مذہبی تہواروں پر پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کا نوٹس لے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی اقدامات مذہبی ہم آہنگی کے سراسر منافی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کیلئے نہ صرف پاکستان میں جاسوس بھیج رہا ہے بلکہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے افغان سرزمین بھی استعمال کر رہا ہے ، احسان اللہ احسان نے اپنے انکشافات میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جماعت الاحرار پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

نفیس ذکریا نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کی تخریبی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لینا چاہئیے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور سماجی ذرائع ابلاغ پر پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ وادی کے بے گناہ عوام پر ظلم وستم سے روکے۔ترجمان نے کہا کہ ایک اعلی سطح کا پالیمانی وفد رواں ماہ کے آخر میں افغانستان کا دورہ کریگا۔

اس سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔اسلامی فوجی اتحاد کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ یہ الائنس کسی ملک کیخلاف نہیں۔کرنل(ر)حبیب ظاہر کی گمشدگی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کھٹمنڈو میں ہمارا مشن اس معاملے کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے، اسے نوکری کا جھانسہ دیکر پھنسایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کرنل(ر)حبیب ظاہرکی گمشدگی میں بھارت کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔