آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع برقرار

پولیس کو بااختیار اور غیر سیاسی ہونا چاہئے، پولیس کو غیر سیاسی بنانے ،ٹھوس اصلاحات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، درخواست گزار

جمعرات 27 اپریل 2017 16:30

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع برقرار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت2مئی تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کو آئی جی سندھ کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کو کام سے روکا جا رہا ہے، سندھ حکومت کے رویے کا اثر امن و امان پر پڑ رہا ہے جس سے پولیس اہلکاروں کا مورال بھی گر رہا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سندھ پولیس عملی طور پر بغیر سربراہ کے کام کر رہی ہے، آئی جی سندھ کو بے اختیار کر دیا گیا ہے اور انہیں کسی بریفنگ اور سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں نہیں بلایا جا رہا۔ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وفاق کو صوبے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، عدالت معاملے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے جب کہ درخواست گزار بیرسٹر فیصل صدیقی نے کہاکہ پولیس کو بااختیار اور غیر سیاسی ہونا چاہیئے، پولیس کو غیر سیاسی بنانے اور ٹھوس اصلاحات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس منیب اختر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے آپ علیحدہ درخواست دائر کریں ہم حکم جاری کریں گے، عدالت نے کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :