سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے پبلک سیکٹر کمپنیوں کے لئے کارپوریٹ گورننس رولز میں ترامیم کا نو ٹیفیکیشن جاری کر دیا

جمعرات 27 اپریل 2017 16:17

سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے پبلک سیکٹر کمپنیوں کے لئے کارپوریٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد پبلک سیکٹر کمپنیوں کے لئے جاری کردہ کارپوریٹ گورننس رولز 2013 میں ترامیم کا نو ٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ یہ ترامیم ان پر عمل درآمد کو آسان بنانے اور پبلک سیکٹر کی کمپنیوں کی لائن وزارتوں سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں کی گئیں ہیں۔

پبلک سیکٹر کی کمپنیاں معیشت کے اہم شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان میں گورننس کی بہتر ی سے ان کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو گی۔ پبلک سیکٹر کمپنیوں کے لئے کارپوریٹ گورننس رولز وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 2013ء میں جاری کئے گئے تھے اور ان کے ذریعے ایسے اقدامات تجویز کئے گئے تھے جن کا مقصد ان داروں میں گورننس کے معیار کو بہتر بنانا تھا۔

(جاری ہے)

ان قوائد کے ذریعے ان کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے فرائض اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا گیا تھا اور اداروں میں داخلی کنٹرول کو مستحکم کیا گیا تھا۔ حالیہ ترامیم کے ذریعے پبلک سیکٹر کمپنیوں کے لئے ساوئنڈ اور پروڈنٹ مینجمنٹ کے معیارات متعارف کروائے گئے ہیں اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل و ترتیب کو بہتر بنایا گیا ہے اور بورڈ کے ڈائریکٹرز کی کل تعداد کا ایک تہائی حصہ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز میں مشتمل ہو گا۔

ترامیم کے ذریعے ڈائریکٹر کو مخصوص اضافی فرائض بھی تفویض کیا جا سکتے ہیں اور حکومت ان ڈائریکٹرز کے ساتھ تعیناتی کے وقت کارکردگی کا معاہدہ بھی کر سکے گی۔ مزید ازاں، ادارے کے چئیرمین اور چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے لئے اہلیت کے معیارت بھی تجویز کر دئے گئے ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ ترمیم شدہ قوائد، پبلک سیکٹر کی کمپنیوں میں گورننس کا معیار مزید بہتر بنانے میں معاون ہوں گے اور ان اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ کارپوریٹ گورننس کے قوائد میں ترامیم کا نوٹیفکیشن ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔