بھارت بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری قیادت اور عوام کا جذبہ حریت دبا نہیں سکتا، برجیس طاہر

گرفتاریاں اور پابندیاں کشمیریوں کی تحریک کو مزید جلا بخشیں گی، وفاقی وزیرامور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کی آسیہ اندرابی کی بھارتی افواج کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت

جمعرات 27 اپریل 2017 16:11

بھارت بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری قیادت اور عوام کا جذبہ حریت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2017ء) وفاقی وزیرامور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی بھارتی افواج کے ہاتھوں گرفتاری کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت ان بزدلانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری قیادت اور عوام کا جذبہ حریت دبا نہیں سکتا،گرفتاریاں اور پابندیاں کشمیریوں کی تحریک کو مزید جلا بخشیں گی۔

جمعرات کو آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرامور کشمیر نے کہا کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیر اب کے ہاتھ سے نکل رہا ہے آج کی دنیا میں ظلم و ستم اور فوجی طاقت کے زور پر کسی قوم کو غلام نہیں رکھ جاسکتا،خود بھارت کے اندر سے بھارتی قیادت کو ہوش مندی اختیار کرنے کے مشورے دیئے جارہے ہیں،اب یہ بھارت کے مفاد میں ہے کہ وہ ہٹ دھرمی اور ضد نہ کرکے طاقت کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کیلئے آمادگی ظاہر کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین اور معصوم بچوں کی گرفتاریوں اور سکولوں کا بچوں پر شیلنگ سے ظاہر ہورہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا پر پابندی انسانیت سوز مظالم کو چھپانے کی مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت انسانیت سوز مظالم اور ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکتا،وہ دن زیادہ دور نہیں جب کشمیری عوام پرامن استصواب رائے سے اپنے مستقبل کا آزادنہ فیصلہ کرسکیں گے اور کشمیر کی وادیوں پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :