پی اے سی نے زیر التوا مالیاتی مقدمات بارے مشاورت کیلئے چیئرمین سینٹ کو خط لکھ دیا

جمعرات 27 اپریل 2017 16:11

پی اے سی نے  زیر التوا مالیاتی مقدمات بارے  مشاورت کیلئے چیئرمین سینٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2017ء) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کھربوں روپے کے زیر التواء مالیاتی مقدمات کے بارے میں مشاورت کے لئے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا‘ 11مئی کے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کو بھی پبلک اکائونٹس کمیٹی میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے‘ اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی اجلاس کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی سید خورشید شاہ کے دستخطوں سے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کو پی اے سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے خط لکھ دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق زیر التواء عدالتی مقدمات کی وجہ سے وزارتوں‘ ڈویژنوں اور اداروں کے تقریباً 5ہزار ارب روپے کے واجبات پھنسے ہوئے ہیں۔

اس معاملے پر اتفاق رائے سے سینیٹر میاں رضا ربانی‘ سردار ایاز صادق‘ چوہدری اعتزاز احسن سے آئینی و قانونی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قومی خزانے میں ان کھربوں روپے کی واپسی کے لئے قومی حکمت عملی طے کی جاسکے۔ کمیٹی اپنی سفارشات براہ راست وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ گیارہ مئی کے اجلاس کا باضابطہ طور پر نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت 36وفاقی سیکرٹریز اور وفاقی وزیر قانون و انصاف کو اجلاس میں زیر التواء تمام عدالتی مقدمات کی تفصیلات کے ساتھ شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔