Live Updates

عمران خان 10ارب کی پیشکش کو ثابت نہ کرسکے تو اپنی سیاست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے، خورشید شاہ

جمعرات 27 اپریل 2017 16:11

عمران خان  10ارب کی پیشکش کو ثابت نہ کرسکے تو اپنی سیاست سے ہاتھ دھو بیٹھیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پانامہ کیس میں 10ارب روپے کی پیشکش کو ثابت نہ کرسکے تو وہ اپنی سیاست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘ ان کا الزام پبلک پراپرٹی بن گیا ہے اور انہیں نام بتانا پڑے گا‘ کون تھا جس نے اس کو دس ارب روپے رشوت کی پیشکش کی تھی‘ رشوت دینے کی پیشکش کرنے والا قرآنی آیات کی زد میں آگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے بہارہ کہو فیز ٹو اور تھلیاں میں سنگین نوعیت کی بے قاعدگیاں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

پی اے سی نے بروقت نوٹس لیا ہے بہت بڑا فراڈ ہورہا ہے اور بدقسمتی سے ان ہائوسنگ سکیموں کے اشتہارات پر نجی کمپنی کی طرف سے وزیراعظم اور وزیر ہائوسنگ کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے کہ ان سکیموں کے اکائونٹس کو منجمد کردیا جائے تاکہ شہری کسی بڑے فراڈ سے بچ سکیں۔ اربوں روپے جمع ہوگئے ہیں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے یہ رقم کہاں جارہی ہے قومی خزانے میں تو جمع نہیں ہورہی۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے پانامہ کیس میں چپ رہنے کے لئے جس دس ارب روپے کی پیشکش کا دعویٰ کیا ہے انہیں رشوت دینے والے کا نام قوم کو بتانا چاہئے۔

انہوں نے اگر اپنی نجی محفل یا دوستوں میں یہ بات کی ہوتی تو اس معاملے کا کچھ اور رخ تھا انہوں نے جلسہ عام میں یہ بات کی ہے اور یہ معاملہ پبلک پراپرٹی بن گیا ہے۔ عمران خان کو پیشکش کرنے والے کا نام بتانا پڑے گا ثابت کرنا پڑے گا کس نے پیشکش کی وہ ایسا نہ کرسکے تو اپنی سیاست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ قائد حزب اختلاف نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان پیپلز یونٹی نے پی آئی اے کی یونین کے انتخابات میں بھرپور طور پر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ان کی نگرانی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے میں نے وفاقی اور چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں فوکل پرسنز مقرر کردیئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات