حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں سے گلگت بلتستان میں مثالی امن قائم ہے،سیاحوں کی بڑی تعداد علاقے کا رخ کررہی ہے،حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 27 اپریل 2017 16:07

حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں سے گلگت بلتستان ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں سے علاقے میں مثالی امن قائم ہوا ہے جس کی وجہ سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملا ہے۔ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کررہی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

ٹریفک کی مزید بہتری کیلئے فوک لفٹرزکی فراہمی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے۔ آزادی رائے کا سب کو حق حاصل ہے لیکن جلسہ جلوسوں کی وجہ سے سڑکوں کو بند کرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا سے جس کو مدنظررکھتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس اس بات کو یقینی بنائیں کہ جلسے مخصوص مقامات پر کئے جائیں تاکہ سڑکیں بند نہ ہوں اور جلسے جلوسوں سے قبل متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر سے باقاعدہ اجازت نامہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالے شیشے، فینسی نمبر پلیٹس پر عائد پابندی اور ہیلمٹ کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائے اور کم عمر بچوں کے گاڑی چلانے پر عائد پابندی پر بھی عمل درآمد کویقینی بنایاجائے۔

بین اضلاعی شاہراہوں پر موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال کو بھی یقینی بنائیں تمام اضلاع میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے تھانوں کی ابتر حالت کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ تھانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ تھانوں میں فرنیچرز، کانفرنس روم اور صفائی کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ صوبائی حکومت درکار وسائل فراہم کرے گی ۔