اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں خانہ ومردم شماری کا عمل جاری

جمعرات 27 اپریل 2017 15:10

اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں  خانہ ومردم شماری کا عمل جاری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں جاری چھٹی مردم شماری مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ مردم شماری ٹیموںکو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔ ملک بھر میں جاری مردم شماری مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز 25اپریل سے ہواہے ۔ دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد میں شہری اور دیہی علاقوں میں بھی خانہ شماری کاعمل زور وشور سے جاری ہے ۔

اسلام آباد کے مکین مردم شماری کی تنظیموں سے بھر پور تعاون کررہے ہیں اور مطلوبہ معلومات اورکوائف کی فراہمی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عملہ کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات ہیں اور ایف سی اور پاک فوج کے جوان بھر پور سکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔25 سے 28 اپریل تک گھر گھر جا کر خانہ شماری کاعمل مکمل ہو گا۔ گھر کے افراد کااندراج 7،8 اور 9 مئی کو کیاجائے گا جبکہ 10مئی کو مردم شماری ٹیموں کو نیا مواد فراہم کیاجائے گا۔

اس مرحلہ میں گھروں کی خانہ شماری 11سے 13 مئی تک ہو گی اور مردم شماری کا عمل 14 سے 23مئی تک جاری رہے گا جبکہ بے گھر افراد کے شمار کاعمل 29مئی کو مکمل ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مردم و خانہ شماری کے عمل میں اپنا بھر پور تعاون کریں۔