چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نوازگنجیرا کی معطلی کے معاملہ کا نوٹس لینے سے انکار

وزارت بین الصوبائی رابطہ کو تحقیقاتی عمل مکمل کرنا چاہئے، جب معاملہ پی اے سی میں آیا تو دیکھا جائے گا، سید خورشید شاہ

جمعرات 27 اپریل 2017 15:07

چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نوازگنجیرا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید شاہ نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نوازگنجیرا کی معطلی کے معاملہ کا نوٹس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پہلے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو تحقیقاتی عمل مکمل کرنا چاہئے، جب معاملہ پی اے سی میں آیا تو دیکھا جائے گا۔

جمعرات کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پی اے سی کے رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ آئندہ ماہ کے آغاز پر قومی کھیل شروع ہونے والے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کو کیوں معطل کیا گیا ہے۔ سیکریٹری آئی پی سی امجد خان نے بتایا کہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکم پر معطل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ کا جائزہ لے کر تحقیقات کا آغاز کریں گے۔ پی اے سی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پی اے سی اس معاملہ کا نوٹس اس لئے نہیں لے سکتی کیونکہ میں افتخار محمد چوہدری نہیں بننا چاہتا، پہلے وزارت کو اپنی کارروائی مکمل کرنے دی جائے۔ جب معاملہ پی اے سی کے سامنے آیا تو اس وقت دیکھا جائے گا۔