صوبائی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، ٹیکس وصولی کا جائزہ

محکمہ زراعت کی نان ٹیکس ریکوری میں مارچ 2017تک گزشتہ سال کی نسبت 24فیصد بہتری آئی

جمعرات 27 اپریل 2017 13:26

صوبائی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، ٹیکس وصولی کا جائزہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں بجٹ 2017-18کی تیاری سے قبل مختلف محکموں میں مارچ 2016سے مارچ 2017تک نان ٹیکس ریونیو کی مد میں ہونے والی وصولیوں اور اگلی سہہ ماہی میں متوقع ریونیو کے تخمینے کے لئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری فنانس سیف اللہ ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری فنانس نورالعین اور بورڈ آف ریونیو، کوآپریٹو، محکمہ تعلیم، صحت، زراعت، جنگلات وجنگلی حیات، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، لائیوسٹاک، انڈسٹریز، اریگیشن، مائینز اینڈ منرلز، پولیس، لاء اینڈ پارلیمنٹری اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپیشل سیکرٹری فنانس نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ، زراعت، تعلیم، صحت، لائیوسٹاک اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی نان ٹیکس ریکوریز میں گزشتہ سات کی نسبت بہتری آئی ہے۔محکمہ زراعت کی نان ٹیکس ریکوری میں مارچ 2017تک گزشتہ سال کی نسبت 24فیصد بہتری آئی ہے۔ 30جون 2017تک محکمہ زراعت کی نان ٹیکس ریکوری میں 30فیصد اضافہ متوقع ہے۔