جے پور میں بھارتی انتہاپسندوں کا پاکستان کے فرضی سیٹ پر حملہ

انتہا پسند تنظیم دھروہر بچاوسمیتی کے غنڈوں نے ویلکم ٹو لاہور،کراچی سوئٹس، راولپنڈی چائے والا کے بینرز پھاڑ ڈالے

جمعرات 27 اپریل 2017 13:24

جے پور میں بھارتی انتہاپسندوں کا پاکستان کے فرضی سیٹ پر حملہ
جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2017ء) بھارت میں انتہا پسند ایک بار پھرآپے سے باہر ہوگئے،جے پورمیں اشتہار کے لئے لگائے گئے پاکستان کے فرضی سیٹ پر دھاوا بول دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق انتہا پسند تنظیم دھروہر بچاوسمیتی کے جنونیوں نے ویلکم ٹو لاہور،کراچی سوئٹس، راولپنڈی چائے والا کے اشتہاری بینرز پھاڑ ڈالے،اشتہار بنانے والے عملے کوفوری طور پر شوٹنگ ختم کرنے اور جگہ خالی کرنے کی دھمکی بھی دی۔

پروڈیوسر اجے کمارشرما کا کہنا تھا کہ وہ متعلقہ حکام سے اجازت لے کر شوٹنگ کر رہے تھے،لیکن اس بدتمیزی کے بعد اب وہ راجستھان شوٹنگ کرنے نہیں آئیں گے۔اس سے پہلے نونریمان سینا کے کارندے ممبئی میں پاکستانی ملبوسات فروخت کرنے والے شاپنگ سینٹر پر ٹوٹ پڑے تھے،اسٹالز سے کپڑے اٹھا کر پھینکے اورشاپنگ مال کی انتظامیہ کو بھی دھمکیاں دیں۔