بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی غیر اعلانیہ طور پر پاکستان آمد۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 27 اپریل 2017 12:23

بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی غیر اعلانیہ طور پر پاکستان آمد۔ ذرائع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 اپریل 2017ء) :بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال کی غیر اعلانیہ طور پر پاکستان آمد ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ تین رکنی خصوصی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا۔ اس وفد میں سجن جندال ، سوکیت سنگال اور وریندر سنگھ ببر ، شامل تھے۔ وفد اسلام آباد پہنچتے ہی تین گاڑیوں میں سوار ہو کر مری روانہ ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وفد کاروباری ملاقات کرنے پاکستان آیا یا بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کا کوئی خاص پیغام لے کر آیا ہے اس حوالے سے کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ بھارتی وفد صبح دس بجے اسلام آباد آیا تھا اور شام سات بجے نئی دہلی کے لیے روانہ ہو گیا۔ سینئیر تجزیہ نگاروں کے مطابق احسان اللہ احسان کے انکشافات اور کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دئے جانے سے انکار ک بعد سجن جندال کی غیر اعلانیہ طور پرپاکستان آمد ایک سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

جس وقت سجن جندال پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کر رہے تھے ٹھیک اسی وقت بھارتی سفیر گوتم بمبا والے سیکرٹری خارجہ پاکستان تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کے دوران کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سارک کانفرنس میں شرکت کے لئے سجن جندال پاکستان آ چکے ہیں، یہی نہیں بلکہ سجن جندال وزیر اعظم نواز شریف کی نواسی کی شادی میں بھی شریک ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :