سرحد ہائی اسکول سے طالبات کو حراست میں لیناسابقہ اے ایس پی کا افسوسناک عمل تھا ، ڈی سی گھوٹکی

بدھ 26 اپریل 2017 23:57

سکھر۔ 26اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ سرحد ہائی اسکول سے اے طالبات کو حراست میں لیناسابقہ اے ایس پی کا افسوسناک عمل تھا جس کی مذمت کی اور سختی سے نوٹس لیکر اے ایس پی کو ضلع بدر کیا گیا جبکہ مزید کارروائی کے لیے انکوائری کی جارہی ہے اس لیے اساتذہ تنظیموں کو بھی چاہیے کہ وہ طلبہ کے مستقبل کی خاطر امتحانات کے بائکاٹ کا فیصلہ واپس لیں تاکہ طلبہ اور ان کے والدین پریشانی سے بچ سکیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپلا، سپسا، گسٹا سمیت پروفیسرز اینڈ لیکچرر ایسوسیئیشن کے سربراہان سے اجلاس کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی گھوٹکی مسعود احمد بنگش، چیئرمین سکھر بورڈ سید مجتبیٰ شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلیم اللہ اوڈو اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت سپسا سندھ کے مرکزی صدر سید اسرار احمد شاہ، سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرر ایسوسیئیشن کے ضلعی جنرل سیکریٹری پروفیسر عبدالجبار کلوڑ اور گسٹا کے ضلعی صدر سعید احمد نائچ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ضلع بھر میں سکھر بورڈ کے امتحانات مقرر کردہ تاریخ پر ہوں تاکہ ضلع کے طلبہ و طالبات پریشانی سے بچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد ہائی اسکول سے طالبات کو حراست میں لینا افسوسناک عمل تھا جس کی مذمت کرتے ہیں جبکہ ملوث اے ایس پی کو ضلع بدر کیا گیا ہے اس کے مزید کارروائی کے لیے حکام کو لکھ دیا ہے جس کی انکوائری چل رہی ہے انکوائری رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی ہو سکے گی اس لئے اساتذہ کو بائکاٹ والا فیصلہ واپس لیکر ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کرنا چاہیے تاکہ ضلع گھوٹکی میں مقرر کردہ تاریخ پر امتحانات ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کو سختی سے حکم دیا گیا ہے کہ وہ امتحانی مراکز میں داخل نہ ہوں اس کے باوجود اگر کوئی پولیس اہلکار مراکز میں اندر جائے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر اساتذہ تنظیموں کے سربراہان نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طالبات سے یکچہتی کا اظہار کرنے کے لیے بائکاٹ کا اعلان کیا تھا جو کہ ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر واپس لے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 27 اپریل سے تمام اساتذہ اپنے فرائض سرانجام دیں گے ۔ اس موقع چیئرمین سکھر بورڈ نے اعلان کیا گی 25 اپریل کو ملتوی ہونے والا پرچہ 9 مئی کو لیا جائے گا۔