شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں تحقیقی سیمینارز کا انعقاد

بدھ 26 اپریل 2017 23:57

سکھر۔ 26اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز کے زیرِ اہتمام دو تحقیقی سیمینارز ڈین فیکلٹی آف آرٹس اور لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک کی صدارت میں منعقد ہوئے۔ ادارہ برائے اسلامی علوم میں ایم فل کا سیمینار محقق زین العابدین آریجو نے مولانا عبدالکریم چشتی کی دینی اور سیاسی خدمات کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ کے عنوان پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولا نا عبدالکریم چشتی 20ویں صدی میں پیدا ہوئے ۔

انہوں نے اسلامی اقدار کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ مولانا عبدالکریم چشتی تفسیر، فقہ، حدیث اور سیاسیات میں ماہر تھے۔ شعبہ سندھی میں پی ایچ ڈی کا سیمینار محقق اختیار علی سیال نے لوک ادب میں سندھی سماج کی عکاسی کا تنقیدی جائزہ کے عنوان پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تحقیق کا مقصد لوک ادب کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ سندھ لوک ادب کا مرکز رہا ہے۔ لوک ادب پر تحقیق وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کہا کہ دونوں محققین نے اپنی تحقیق ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحقیقی اصولوں کی روشنی میں سرانجام دی ہے۔ دونوں محققین کی تحقیق مستقبل کے محققین کیلئے تحقیق کی نئی راہیں ہموار کرے گی۔