اس وقت دنیا میںخطاطی اپنے عروج پر ہے اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے خطاط بھی خوبصورت کام پیش کررہے ہیں ‘یہ بھی خوشی کا مقام ہے کہ اس نمودخطاطی میں خطاط کے علاوہ طالبات کابھی کام پیش کیا جارہا ہے

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا نمود خطاطی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 26 اپریل 2017 23:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا میںخطاطی اپنے عروج پر ہے اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے خطاط بھی خوبصورت کام پیش کررہے ہیں اور یہ بھی خوشی کا مقام ہے کہ اس نمودخطاطی میں خطاط کے علاوہ طالبات کابھی کام پیش کیا جارہا ہے تاکہ وہ بھی اس فن کی عظمت سے آگاہی حاصل کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے زیراہتمام نمود خطاطی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے ہر لفظ میں معلومات کا سمندر ہے۔ اللہ تعالیٰ جس انسان کو پسند کرتے ہیں تو اس کو علم کا زیور عطا کرتے ہیں جن لوگوں نے قرآن مجید کی آیتوں کو خطاطی میں لکھا ہے ایسے لوگوں پر ہم فخر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطاطی اظہار خیال کا بہترین ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو سب سے بہترین تحفہ علم عطا کرتا ہے۔ اللہ ہم سب کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں سے محفوظ رکھے اور دشمنوں پر فتح نصیب کرے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بذات خود اس طرح کی تقریبات میں شرکت کرنا باعث مسرت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر سردار بہادر خان یونیورسٹی وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین نے کہا کہ خطاطی ہمارے کلچر کا حصہ اور ہمارے اسلامی ورثہ اور بزرگوں کا فن ہے یہ ہماری اسلامی ثقافتی میراث کا نمایاں حصہ ہے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس ورثہ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا چاہئے۔

تقریب کے اختتام پر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شرکاء میں شیلڈ تقسیم کئے۔