سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کینٹ میں مقابلہ آرائش گل وپوسٹر سازی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

بدھ 26 اپریل 2017 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء) سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کینٹ میں بدھ کے روز مقابلہ آرائش گل وپوسٹر سازی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر بیگم آئی جی ایف سی بلوچستان، جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن محترمہ ربابا حمید درانی، پرنسپل گرلز ڈگری کالج محترمہ نورجہاں کھیتران، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر اسپیکر بلوچستان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے بدل رہی ہے۔عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنی طالبات کو جدید ومعیاری تعلیم سے لیس کرنا ہوگا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کا واحد راستہ انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

اسپیکر نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ لگن اور محنت سے تعلیم حاصل کرکے ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا بھرپور کردار اداکریں۔ تقریب میں اسپیکر نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کینٹ کے لئے ڈیجیٹل لائبریری اور کالج کے شعبہ باٹنی کے لئے 20ہزار روپے نقد دینے کا بھی اعلان کیا۔ بعدازاں اسپیکر نے نمائش میں رکھے گئے پھولوں کا معائنہ کیا اور مقابلہ آرائش گل اور پوسٹر سازی میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔