ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کی ایزی پیسہ خدمات اب ملک گیر یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب

بدھ 26 اپریل 2017 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء)ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے اپنی نوعیت کی پہلی شراکت داری قائم کرتے ہوئے یوٹلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ساتھ ملک بھر میں یوٹلیٹی اسٹورز پر موبائل منی سروس ایزی پیسہ کی فراہمی کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔معاہدے پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او علی ریاض چوہدری اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم مختار چوہدری نے دستخط کیے ۔

اس موقع پر دونوں اداروں کی متعلقہ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ یہ شراکت داری ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کی پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں انقلابی تبدیلی لانے اور موبائل منی کے فوائد ملک میں بینکاری سے محروم طبقے تک پہنچانے کے عزم سے مطابقت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

یوٹلیٹی اسٹورز کارپوریشن ایک سرکاری ادارہ ہے جس کے پاکستان بھر میں ریٹیل اسٹور کی وسیع چین موجود ہے جو عوام کو کم نرخ پر روز مرہ استعمال کی بنیادی اشیاء فراہم کررہے ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں قائم ہونے والے 50نئے اسٹورز کی بتدریج تکمیل کے بعد یوٹلیٹی اسٹورز کے پاکستان بھر میں قائم اسٹورز کی تعداد 5000تک پہنچ جائیگی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او علی ریاض چوہدری نے کہا : ’’ہمیں پاکستان میں اولین موبائل منی سروس متعارف کرانے کا اعزاز حاصل ہے جس کے موبائل اکائونٹ کسٹمرز کی تعداد 9.2ملین تک پہنچ چکی ہے۔

یہ شراکت داری بھی انڈسٹری میں سب سے پہلے قدم اٹھانے کی ہماری روایت کا تسلسل ہے۔ ہم اپنے تمام ایزی پیسہ کسٹمرز کو مزید سہولت اور آسانی فراہم کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ ہم اس شراکت داری کو مستقبل میں مزید فروغ دیتے ہوئے اپنی خدمات کا دائرہ ٹول کی ادائیگی، گورنمنٹ ٹو پبلک ادائیگیوں، قرضوں کی ادائیگی اور اجراء اور انشورنس کی ادائیگیوں تک وسیع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

-‘‘ اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے یوٹلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم مختار چوہدری نے کہا : ’’پاکستان کے سب سے بڑے ریٹیل چین کی حیثیت سے ہم اپنے صارفین کوبھرپور ورائٹی اور سہولت فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں اور ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے ساتھ ہونے والی یہ شراکت داری ہمارے عزم کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگی۔

ہم ٹیلی نار بینک کے مالی شمولیت کے مقاصد کی تعظیم کرتے ہیں اور مالیاتی خدمات سے محروم کروڑوں پاکستانیوں کو آسانی فراہم کرنے کے اس اعلیٰ مقصد میں حصہ دار بننا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔‘‘ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے موبائل بینکنگ پلیٹ فارم ’’ایزی پیسہ‘‘ کے ذریعے یومیہ تقریباً 650,000 ٹرانزیکشن کی جاتی ہیں اور فعال کسٹمرز کی مجموعی تعداد 20ملین ہے۔

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک کے مالی شمولیت بڑھانے کے عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارے نے اب تک استعمال نہ ہونے والے ریٹیل سیگمنٹس کو بھی بروئے کار لانے کا بیڑہ اٹھایا ہے، تاکہ تمام افراد کے لیے ان خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جاسکے۔ یوٹلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ساتھ کیے گئے انتظامات سے ملک میں مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے میں مدد ملے گی اور صارفین کی ایجنٹس تک پہنچ بھی آسان بنائی جاسکے گی۔