اٹک, کمپیوٹر سنٹر اہل کاروں کی ملی بھگت ،مالک کو کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی سے محروم کر دیا

بدھ 26 اپریل 2017 23:23

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء)فتح جنگ کمپیوٹر سنٹر اہل کاروں کی ملی بھگت ،مالک کو کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی سے محروم کر دیا ،متاثرہ شخص نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کر دی ،مقامی اہل کاروں کو کمپیوٹر سنٹر سے تبدیل کیا جائے ،عوامی حلقوں کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق رتوال کے رہائشی عاصم ہارون ولد محمد احسن خان نے تحریری درخواست وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام کو بھجوائی جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ ان کی اور ان کے خاندان کی ملکیتی اراضی واقع موضع تھٹی گجراں میںہے ایک کھیوٹ میں سے خسرہ نمبر 2011/4رقبہ تعدادی 48کنال آٹھ مرلے کا سودا گرین فیلڈ ڈویلپرز کے مالک راجہ آصف سے ایک کروڑ اکیس لاکھ میں طے کیا بوقت انتقال اراضی کمپیوٹر سنٹر کے اہل کارمبشر نے ملی بھگت اور بھاری رشوت کے عوض میری اور میرے خاندان کی ملکیتی اراضی کی پوری کھیوٹ جو 271کنال چودہ مرلے تھی راجہ آصف کے نام منتقل کردی میں نے ڈسٹرکٹ کلکٹر کو بھی اس حوالے سے درخواست دی تاہم ابھی تک انصاف نہیں ملا انھوں نے انتہائی قیمتی اراضی سے مذکورہ بالا شخص نے تین کنال سے زائد رقبہ خسرہ نمبر 928غیر قانونی طور پر آگے فروخت بھی کردیا ۔

(جاری ہے)

جو سرا سر ظلم اور زیادتی ہے انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے دریں اثناء انجمن تحفظ حقوق شہریاں فتح جنگ کے صدر سردار اسد علی خان ،معروف زمیندار سردار اشفاق علی خان نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ سنٹر سے مقامی اہل کاروں کو تبدیل کر کے غیر مقامی افراد تعینات کئے جائیں کیونکہ مقامی افراد کے مختلف شخصیات سے مفادات رشتہ داریاں اور تعلقات ہوتے ہیں جسکی وجہ سے حقیقی مالکان کو محروم کر دیا جاتا ہے انھوں نے کمپیوٹر سنٹر میں ہونے والی اس سنگین بے ضابطگی اور متعلقہ اہل کاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔